ہبلی، 22/اکتوبر (ایس او نیوز) پیر کے دن ہبلی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ایک پر دھماکہ ہوا جس سے مسافرین میں خوف و ہراس پیدا ہوگیا۔ دھما کہ سے اسٹیشن ماسٹر کے دفتر کے شیشے کے دروازے چکنا چور ہوگئے۔ ہبلی پولیس نے توثیق کی کہ یہ ہلکی شدت کا دھماکہ تھا اور اس میں منٹوروڈ کا ایک ساکن زخمی ہوگیا جسے ہبلی کے کمس ہاسپٹل میں داخل کیا گیا۔ زخمی حسین (22) اسٹیشن پر موجود ریسٹورینٹ کا ملازم بتایا جاتا ہے مگر دیگر تفصیلات کاا نتظار ہے۔ عینی شاہدین نے کہا کہ حسین کے ہاتھ میں جو سوٹ کیس تھا وہ دھماکہ سے پھٹ پڑا۔ دھما کے سے اسٹیشن ماسٹر کے دفتر کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔ بم کا پتہ لگانے والے دستہ کو موقع واردات پر بھیجا گیا۔ پولیس نے شہریوں سے پُر سکوں رہنے اور جاریہ تحقیقات میں تعاون کرنے کی اپیل کی۔ احتیاطی اقدام کے طور پر ہبلی کے مرکزی مقامات پر سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا۔